اعظم سواتی نے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بعد سینیٹر اعظم سواتی نے بھی گھٹنے ٹیک کرالیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے ادارے پر سنگین الزامات عائد کرنے پر اعظم سواتی کے خلاف کیس کی سماعت کی ، جس دوران سینیٹرکے وکیل عدالت یں پیش ہوئے اور اعظم سواتی کی جانب سے تحریری معافی نامہ پیش کیا اور پڑھ کر سنایا ۔

اعظم سواتی کے وکیل نے معافی نامہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ آئینی ادارے کے خلاف کوئی غلطی ہو جائے تو معذرت کرنی چاہیے ، میرے الفاظ سے دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتاہوں ، الیکشن کمیشن کو مضبوط دیکھنا چاہتاہوں ۔

ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ اعظم سواتی خود کہاحں ہیں ، بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ انہیں اچانک کوئٹہ جانا پڑ گیاہے ، نثار درانی نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی اعظم سواتی نے حاضری سے استثنیٰ مانگا ، کیا وہ کیس سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ۔

نثار درانی نے کہا کہ اعظم سواتی کو پیش ہو کر معافی مانگنا پڑے گی ، تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے ۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔