انہوں نے اپنے استعفیٰ کا اعلان گزشتہ نیم شب کیا۔فائل فوٹو
انہوں نے اپنے استعفیٰ کا اعلان گزشتہ نیم شب کیا۔فائل فوٹو

مہنگائی کے طوفان پر ترک وزیر خزانہ مستعفی

انقرہ:ترکی میں مہنگائی اور کرنسی کے شدید بحران پر وزیر خزانہ لطفی ایلون اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ ترک صدر رجب طیب اردوگان نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے لطفی کے نائب نورالدین ناتی کو نیا وزیر خزانہ تعینات کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک کرنسی لیرا کی مسلسل بے قدری اورافراط زر میں اضافے پر وزیر خزانہ لطفی ایلون اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ کا اعلان گزشتہ نیم شب کیا۔ صدراردوگان نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے ان کے نائب نورالدین کو نیا وزیر خزانہ تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ۔

ترکی گزشتہ کئی ہفتوں سے معاشی بحران کا شکار ہورہا ہے۔ ملک میں افراط زرکی شرح20 فیصد سے متجاوز کرگئی ہے جبکہ لیرا بھی ریکارڈ کمی پرآگیا تھا۔لطفی ایلون نومبر 2020 ء سے ترکی کے وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز تھے اورانہوں نے یہ وزارت صدر رجب طیب ایردوآن کے داماد برات البیرک کے مستعفی ہونے کے بعد سنبھالی تھی۔