منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہے۔فاروق ستار

لاہور:ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف سے ملاقات کےبعد احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  فاروق ستارنے کہا کہ  شہباز شریف سے ملاقات کا بنیادی مقصد موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال تھا ، معیشت کا جتنا بیڑہ غرق ہونا تھا ہو چکا ہے، منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہے، ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے،عوام حکومت سے مایوس ہوگئے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال بیان سے باہر ہے، کراچی کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں،کراچی میں احساس محرومی انتہاکوپہنچ چکی ہے،ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے کوئی لاوا پک رہا ہے، ہم نے عوام کی مایوسی کو امید میں بدلنا ہے، چاہتے ہیں کہ لوگوں کا سیاسی جماعتوں پر اعتماد بحال ہو۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سواتین سال کے دوران ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی ہے، ملک کے سفارتکاروں کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں،کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے، تحریک انصاف نے کراچی کو کچھ نہیں دیا، ملک کو بچانے کیلئے پی ڈی ایم اپنا کردار ادا کررہی ہے۔