لاہور: این اے 133 کے ضمنی انتخاب کیلیے میدان سج گیا ہے جہاں پولنگ کا عمل جاری ہے ،پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ حلقہ میں 4لاکھ چالیس ہزار سے زائد ووٹرزحق رائے دہی استعمال کریں گے۔
حلقہ این اے 133 کی سیٹ مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے133 کے ضمنی انتخاب کیلیے دو لاکھ 33 ہزار 558 مرد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ۔ حلقہ میں دو لاکھ چھ ہزار 927 خواتین رائے دہی کا حق استعمال کریں گی ۔
حلقے میں 11 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں میں مقابلہ متوقع ہے ۔
الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق حلقہ میں امن وامان یقینی بنانے کے لیے پولیس اور رینجرزکو تعینات کیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد اور لاہور میں کنٹرول روم قائم کردیے گئے ہیں جو انتخابی نتائج مرتب ہونے تک فعال رہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اوران کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراض لگا کر مسترد کر دیے گئے تھے۔