23 مارچ کو یوم پاکستان منایا جاتا ہے۔ راستے بند ہوں گے۔شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان منایا جاتا ہے۔ راستے بند ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ پہلی اپوزیشن دیکھ رہا ہوں جنہوں نے لانگ مارچ کی کال 4 مہینے پہلے دے دی ہے ،جاتی امرا والے تو گانے گانے میں صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں ، شیئد  لانگ مارچ میں مدرسے والے ہی جائیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان منایا جاتا ہے ، راستے بند ہوتے ہیں ، یہ پھر کہیں گے کہ ان کے لیے رستے بند کئے گئے بہتر ہے کہ یہ 23 مارچ سے ایک ہفتہ قبل یا ایک ہفتہ بعد کا پروگرام بنا لیں ۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ این ے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن ے دیکھ لیا کہ کیا حالت ہوئی ، ان کی امیدوار کو صرف دس فیصد ووٹ ملے ، لوگوں نے ن لیگ کی دیگیں بھی مسترد کر دیں ۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کا واقعہ قابل مذمت ہے ، ہم سب کو مل کر انتہا پسندی سے نمٹنے کی ضرورت ہے، ایسی کوئی بات نہیں کروں گا جس سے نیا کٹا کھل جائے  لیکن جس طرح عالمی میڈیا اسے اٹھا رہا ہے یہ سازش ہے ۔ واقعے پر سیاسی اور سول قیادت ایک پیج پر ہے ۔سری لنکن ہائی کمشنر کو مکمل انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سختی  سے عمل درآمد کرنا چاہتے ہیں، جرائم روز بروز بڑھ رہے ہیں ، آئی جی اسلام آباد کو بھی اسی وجہ سے تبدیل کیا گیا ، میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ انتہا پسندوں کو کوریج نہ دے ۔