اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے صحافی نے سوال کیا کہ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں آپ ڈیلی ویجز چیئرمین نیب ہیں ، جس پر چیئرمین نیب نے کہا جن پر مقدمات چل رہے ہوں ، ان کے کمنٹس کی کوئی حیثیت نہیں ۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلیے پہنچے جہاں راہداری میں صحافیوں نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی ، میڈیا سے گفتگو میں جاوید اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اہمیت مسلمہ ہے ، ہمیشہ پارلیمنٹ کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کروں گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ بہت عرصے کے بعد آئے ہیں ، چیئرمین نیب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ نے بلایا ہی بہت عرصے بعد ہے ، مصروفیت کے باعث پارلیمنٹ نہیں آسکا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹو احتساب کی بات سو فیصد غلط ہے ، ایسا احتساب نہ ماضی میں کبھی ہوا نہ مستقبل میں ہو سکتاہے ۔