پشاور:وزیر اعظم کے دورہ خیبرپختونخوا اور پاکستان کارڈ کی لانچنگ کی خبروں پرالیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے وزیر اعظم کو خط لکھا گیا جس میں انہیں دورہ نہ کرنےکا مشورہ دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ خبر ہے آپ پاکستان کارڈ لانچ کیلیے پشاور کا دورہ کررہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ یونین کونسلز میں داخلے پر پابندی ہے ، آپ کو مشورہ ہے الیکشن کمیشن کی ہدایت ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں، بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔
الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ طے ہونے کے بعد کسی منصوبے کا افتتاح نہیں ہوسکتا ۔اگرآپ نے کسی منصوبے کا اعلان کیا تو یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو گی۔