پشاور: الیکشن ٹریبونل نےشوکت ترین کو سینیٹ کا الیکشن لڑنے کیلیے اہل قرار دیدیا اورنااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔
اس سے قبل شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور میں الیکشن ٹریبونل میں شوکت ترین کے سینیٹ کے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی ، الیکشن ٹریبونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کرلیا۔
کاغذات نامزدگی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار امیر زادہ کی جانب سے چیلنج کیے گئے تھے۔اے این پی کے امید وار امیر زادہ نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شوکت ترین مردان کے رہائشی نہیں ہیں اور نہ ہی الیکٹورل رول میں رجسٹرڈ ہیں جب کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ جو الیکٹورل رول جمع ہے وہ بھی سرٹیفائیڈ نہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین مردان کے ووٹر ہی نہیں تو کیسے اس حلقے سے سینیٹ کے سیٹ پر الیکشن لڑسکتے ہیں لہٰذا شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ شوکت ترین وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالتے رہے مگر عوام کا منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باعث ان کے عہدے کی زیادہ سے زیادہ مدت چھ ماہ تھی جس کے بعد وہ وزیر خزانہ نہ رہے ، وزیر اعظم نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے انہیں مشیر بنا لیا جس کے بعد سے وہ مشیر خزانہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں ۔