گوادر:حق دو تحریک کے دھرنے میں ریاست مخالف تقریر کرنے پر پولیس نے پیپلز ورکرز پارٹی کےرہنما یوسف مستی خان کو گرفتارکرلیا جبکہ تحریک کے سربراہ مولاناہدایت الرحمان کےخلاف بھی مختلف دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق پیپلز ورکرز پارٹی کے سربراہ اور بزرگ سیاستدان یوسف مستی خان نے گذشتہ روز حق دو تحریک کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کیا تھا اور ریاست مخالف تقریر کے الزام میں یوسف مستی خان اور مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف مقدمے درج کرکے یوسف مستی خان کو گرفتارکرلیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے یوسف مستی خان کو سیشن کورٹ کی عدالت میں پیش کیا جس کے بعد عدالت نے ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یوسف مستی خان کی عدم رہائی کے خلاف گوادر پولیس تھانے کے گھیراؤ کا اعلان کیا تھا تاہم ڈپٹی کمشنر گوادر سے مذاکرت کے بعد گھیراؤ ایک روز کے لیے مؤخر کردیاگیا۔