لاہور: وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے واضح کر دیا کہ آئندہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) کے ذریعے ہوں گے ۔
لاہور میں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاورکے ساتھ میڈیا پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ای وی ایم پر بات چل رہی ہے ،ای وی ایم کے ذریعے انتخابات میں شفافیت یقینی بنائیں گے،با اختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کیا جا رہا ہے، ہمارا ایکٹ اور آرڈیننس ماضی سے مختلف ہے، اپوزیشن ایکٹ کو پڑھے گی تو ضرور تحسین دے گی ۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے لارڈ میئر سے متعلق میاں محمود الرشید نے کہا کہ لارڈ میئر کیلیے پارٹی نے کسی کا نام طے نہیں کیا، ابھی تک غور جاری ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی قوانین سے متعلق قانون سازی ہو رہی ہے ، یہ صوبہ پنجاب کیلیے ایک تاریخی قانون ثابت ہو گا، بلدیاتی ادارے خود عوام کے مسائل حل کریں گے ، لوکل گورنمنٹ میں تاجر طبقے کو بی خصوصی جگہ دے رہے ہیں، لوکل گورنمنٹ میں معاشرے کے ہر طبقے کا نمائندہ لیا گیا ہے ۔
وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا کہ دیہات میں تین ہزار سے زائد ولیج کونسلز قائم ہوں گی ،پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ عوام اپنے نمائندےبراہ راست منتخب کرنےجا رہے ہیں ،اسلام آباد میں یہ الیکشن ای وی ایم پر ہونے جا رہے ہیں جبکہ کوشش ہوگی کہ پنجاب میں بھی ای وی ایم پر ہی ہوں ۔