اسلام آباد:مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کھڈے میں نہیں بلکہ یہ پانچ سے ساڑھے پانچ فیصد تک بڑھ رہی ہے ، آمدن میں 35 فیصد ، انکم ٹیکس میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے ، غیر سرکاری کمپنیوں کا منافع 950 ارب روپے تک بڑھا ہے جو پہلے چھ سو ارب پر تھا ، حکومت کمپنیوں سے کہہ رہی ہے کہ وہ اپنے منافع کا فائدہ نچلے طبقے کو دیں، حکومت غیر سرکاری اداروں اور کمپنیوں کو اپیل ہی کر سکتی ہے انہیں ڈنڈے مار کر نہیں کہہ سکتی کہ اپنے ملازمین کو اپنے منافع کا فائدہ پہنچائیں۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے ریٹ کم کرنے کے لیے شرح سود میں اضافہ ہوا ہے ، ڈالر 178 سے زیادہ نہ بڑھے اس حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال پانچ بمپرپر فصلیں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مہنگائی ایمپورٹڈ انفلیشن کی وجہ سے ہے جن میں تیل ، کوئلہ اور دیگر اشیاءشامل ہیں ، حکومت جلد کامیاب جوان پروگرام کے تحت چالیس سے پچاس کروڑ روپے غریب نوجوانوں میں تقسیم کر رہی ہے اس کے ساتھ دو کروڑ غریب خاندانوں کو احساس راشن پروگرام کے تحت بھی ریلیف پہنچایا جا رہا ہے ۔