خانیوال: پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ خواتین کو پیسے دیکر ووٹ خرید رہے ہیں۔ اس پر پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں نےعطا تارڑ کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج کیا تو پیپلز پارٹی کے کارکن بھی آگئے ،کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے وہاں مسلم لیگ ن کی گاڑی جس پر کارکن سوار تھے پتھراؤ کیا، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن والے مسلح ہوکر ہمارے گھر میں گھسے ہیں اور ہماری خواتین سے بدتمیزی کی ہے
۔ پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسی گیلانی کی قیادت میں مقدمہ درج کروانے تھانہ سٹی پہنچ گئے جہاں ان کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کروائے بغیر تھانے سے باہر نہیں جائیں گے۔
علی موسی گیلانی کا کہنا تھا کہ خانیوال میں ن لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کے الیکشن آفس پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،لیگی قیادت اپنی ہار کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکارہوگئی ہے،ن لیگ اپنی سابقہ روایات کو جاری رکھتے ہوئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔