کراچی:ویسٹ انڈیز ٹیم کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا اگلے چند گھنٹے اہم ہیں۔مہمان ٹیم کے 3 کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے5 ارکان کے کورونا میں مبتلا ہوجانے پرشدید کھلبلی مچ گئی، دونوں بورڈز کے درمیان ٹور جاری رکھنے کے حوالے سے آج اہم میٹنگ بھی ہوگی۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ نئے 3 کرکٹرز میں وکٹ کیپر بیٹر شائے ہوپس، دائیں ہاتھ کے اسپنر عقیل حسین، آل راؤنڈر جسٹن گریوز شامل ہیں، یہ تینوں کرکٹرز پاکستان کے خلاف باقی میچز نہیں کھیلیں گے۔
اس کے علاوہ اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ وِک اور ٹیم فزیشن ڈاکٹر اکشائی مان سنگھ کا بھی کورونا مثبت نکل آنا تشویش کا باعث بن گیا، نئی صورتحال سامنے آنے پر پی سی بی حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل ڈیون تھامس انجری کاشکار ہیں وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل جمعرات کی صبح ایک میٹنگ کریں گے، اس کے علاوہ مہمان اسکواڈ کی ایک بار پھر مقامی ہوٹل میں ریپڈ کوویڈ ٹیسٹنگ جاری ہے جس کی رپورٹ اگلے چند گھنٹے میں آ جائے گی اگر مزید کسی رکن کا کرونا ٹیصت مثبت آیا تو یہ دورہ ملتوی کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے بڑا فیصلہ آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیریز کے جاری رہنے یا ختم کرنے کا فیصلہ دونوں بورڈز کی باہمی مشاورت سے ہوگا، ان افراد کے کوویڈ ٹیسٹ کے تازہ ترین راؤنڈ میں مثبت نتائج آئے تھے۔