اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بنوں کی تحصیل بکا خیل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بکا خیل کے واقعے کے حوالے سے فوری طور پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن وامان کی خراب صورتِ حال کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی کر دی تھی۔
لیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق بکا خیل میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، اس سلسلے میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کمیٹی مکمل تحقیقات کر کے 7 روز میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو دے گی، کمیٹی اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء خرم شہزاد اور ڈائریکٹر الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا خوش حال زادہ شامل ہیں۔
جے یو آئی رہنما اکرم درانی نے بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان پر 5 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولنے، انتخابی عملے کے اغوا اور پولنگ کا سامان ساتھ لے جانے کے الزامات لگائے ہیں۔