بجلی کی قیمتوں میں چار روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد:بجلی کی قیمتوں میں چار روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلیے نیپرا میں درخواست دائرکردی ، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں چار روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، اور نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 29 دسمبر کو سماعت کرے گا، قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں 8 ارب 24 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، گزشتہ ماہ بجلی کی پیدواری لاگت 66 ارب رہی، ڈیزل سے 27 روپے 20 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ترین بجلی پیدا ہوئی، فرنس آئل سے 20 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 17 روپے 26 پیسے رہی، ایران سے 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ پر بجلی امپورٹ کی گئی، جبکہ 20 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسزکی نذر ہوئی۔