اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ وہ آج بھی کنٹینرپرکھڑے ہیں۔ ملک میں وزرائے خارجہ اور وفود آرہے تھے اور یہ شریف فیملی پربات کر رہے تھے جبکہ انہوں نے اپنے کل کے انٹرویو میں بھی یہی کیا۔
انہوں نے کہا کہ جس کے اپنے لوگ اس کی کرپشن پر بات کرتے ہوں وہ کرپشن پرکیا لیکچردے گا۔ بلین ٹری سونامی، فارن فنڈنگ کیس، بی آرٹی منصوبہ پران سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی جبکہ چینی، آٹا، مہنگائی اسکینڈل پر بھی کسی نے 3 سالوں میں کچھ نہیں بولا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ان کے خلاف تحقیقات کے لیے نیب کے دروازے بند ہیں۔ عمران خان کے دل و دماغ میں سیاسی انتقام کی آگ بجھ ہی نہیں رہی اورعمران خان نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ایک سال تک جیل میں رکھا گیا اور عمران خان نے نواز شریف کے ہر منصوبے کو متنازع بنایا لیکن جب سپریم کورٹ میں جواب کی باری آئی تو پچھلے دروازے سے اپنی درخواست لے کر پہنچ گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو خرچے کے پیسے مافیا دیتا ہے اور حکومتی کیسز پر نیب کی آنکھیں بند ہیں کیونکہ ملک میں نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے اور جو شخص ایس ایچ او بننے کے قابل نہیں تھا وہ وزیر اعظم ہے۔ ملک میں آٹے بجلی کی چوری اور کورونا فنڈز تک کو آپ نے نہیں چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے اپنے لوگ کہتے ہیں جہانگیر ترین نے 30 سے 35 لاکھ روپے کچن کے لیے دیے۔ عمران خان نے ایکسپورٹ کا کوٹہ اپنے ساتھیوں کو دے کر چوری کی۔