لندن:برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شہباز شریف کے خلاف ثبوت جمع کرانے کیلیے عدالت سے پانچویں مرتبہ مزید وقت حاصل کرلیا۔
برطانوی صحافی ڈیوڈ روزکے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان کے ریڈ لسٹ میں ہونے کے سبب شواہد جمع کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا رہا۔پبلشرنے عدالت کو 14 جنوری 2022 تک دفاع جمع کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
واضح رہے کہ ڈیلی میل کے مضمون میں الزام لگا یا تھا کہ شہباز شریف اوران کے داماد علی عمران یوسف نے پاکستانی غریب عوام کے پیسوں میں کرپشن کی ۔ شہباز شریف اوران کے داماد علی عمران یوسف نے ڈیوڈ روزکے سنگین الزامات پر اخبار کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔
برطانوی ہائی کورٹ کے جج سر میتھیو نکلائن نے ابتدائی سماعت میں مضمون کو انتہائی ہتک آمیز قرار دیا تھا۔ڈیوڈ روزکے وکلا نے ثبوت جمع کرانے کیلیے چوتھی درخواست رواں برس9 نومبر کو دی تھی جس میں 17 دسمبر تک وقت مانگا گیا تھا۔