پشاور:مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اشیا کی قیمتیں کم ہو جائیں گی ۔
سینیٹر منتخب ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہم گھروں کیلیے بلا سود قرضے فراہم کریں گے ، عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ، پوری دنیا میں مہنگائی کا مسئلہ ہے ، امریکہ اور بھارت بھی مہنگائی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، پٹرول ، خوردنی تیل اور کوئلے کی قیمتیں دگنا ہوئی ہیں ، دنیا میں 20 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے ۔
نو منتخب سینیٹر نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے ،اس وقت سالانہ نو سے دس فیصد تک گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں ، لکی مروت میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں امید ہے گیس کے معاملات میں بہتری آئے گی ، سینیٹ کا ٹکٹ دینےپر عمران خان جبکہ سینیٹر منتخب ہونے پر اللہ کا شکر گزار ہوں ۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پہلے بھی خیبرپختونخوا کیلیے کام کیا اب بھی کریں گے ، پوری امید ہے آئندہ انتخابات میں ہماری جماعت کو زیادہ ووٹ ملیں گے ، الیکشن جیتنا یا ہارنا وقت کی بات ہوتی ہے ، مہنگائی کے خاتمے کیلیے احساس راشن پروگرام شروع کیا ہے۔