حکومتی وزراء اور ذمہ داران کو اپنی اعلیٰ کارکردگی پر استعفیٰ دینا چاہیے۔فائل فوٹو
حکومتی وزراء اور ذمہ داران کو اپنی اعلیٰ کارکردگی پر استعفیٰ دینا چاہیے۔فائل فوٹو

حکومت کو ہماری کامیابی ہضم نہیں ہورہی،ترجمان جے یو آئی

کراچی:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ حکومتی وزرا کو جے یو آئی کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی، ہماری جیت کی وجہ سے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔

جے یو آئی ایف کے ترجمان اسلم غوری نے حکومتی وزرا کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء اور ذمہ داران کو اپنی اعلیٰ کارکردگی پر استعفیٰ دینا چاہیے، کے پی کے میں جے یو آئی کی کامیابی کسی کی مرہون منت نہیں، عمران خان کی مرکزی کابینہ ہی ان کے زوال کا سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ 150 سالہ تاریخ گواہ ہے کہ جے یو آئی اعتدال پسند اسلامی جمہوری جماعت ہے کیوں کہ جے یو آئی ملکی آئین اور عوامی امنگوں کے عین مطابق سیاست کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خونی لبرل اپنے طرز عمل سے اس مملکت کو تباہی کی جانب لے جا رہے ہیں، یہ ملک امریکی ایجنٹوں کی جاگیر نہیں بلکہ برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔

اسلم غوری کا مزید کہنا تھا کہ انتہا پسندی مشرف اور ضیاالحق کی پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے جبکہ جے یو آئی نے اپنی بہترین حکمت عملی سے انتہاپسندی کے خاتمے میں کردار ادا کیا ہے، ہماری قیادت نے ایم آرڈی تحریک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے جیلیں اور کوڑے برداشت کیے تھے۔

ترجمان جے یو آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی وزراء کی اشتعال انگیز زبان اسلامیان پاکستان کی توہین کے مترادف ہے۔