اسلام آباد:الیکشن کمیشن میں سٹی کونسل پشاورکے 5 پولنگ اسٹیشنوں پر بد امنی کے باعث ووٹنگ ملتوی ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے واضح کر دیا کہ اگر کوئی امیدوار ملوث پایا گیا تو تاحیات نااہل کر دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر سربراہی سٹی کونسل پشاور میں بد امنی کے معاملے کی سماعت ہوئی ، ہنگامہ آرائی کرنے والے آزاد امیدوار ارشد علی کمیشن کے سامنے پیش ہو گئے، چیف الیکشن کمشنرنے استفسارکیا کہ آپ نے ہنگامہ کیوں کیا کہ آپ کو گرفتارکرنا پڑ گیا ۔ارشد علی نے جواب دیا میں تو جیت رہا تھا ، ہنگامہ آرائی نہیں کی ، پولنگ اسٹیشن پہنچا تو مخالف ہنگامہ آرائی کررہے تھے ،میں بھی شامل ہو گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ ہنگامے میں شامل ہوئے اور فائرنگ بھی کر دی ، ریٹرننگ آفیسر کو آپ کو موقع پر ہی سزا دے دینی چاہئے تھی ، یہ رویہ روا رکھا گیا تو ہمیشہ کیلیے الیکشن بھول جائیں گے ۔ ممبر بلوچستان شاہ محمد نے ارشد علی سے پوچھا کہ آپ نے کچھ کیا نہیں تو ضمانت کیوں کرا رہے ہیں ۔ سپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ ارشد علی کیخلا ایف آئی آر کمزور درج کی گئی ہے ۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولیس کا اپنا کام ہے ، کمیشن امیدوار اور حکومتی عہدیداران کیخلاف کارروائی کرے گا، جو بھی قصور روار ہوا اور جس نے بھی مدد کی سب عہدے سے جائیں گے ۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ واضح کر دوں کہ اس معاملے میں جو بھی ملوث ہوا وہ بچ نہیں پائے گا ، تین جنوری کو اس حوالے سے حکم جاری کیا جائے گا، کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران سے تحریری بیانات طلب کر لیے ، کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ آج ہی جمع کرائیں ۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کر دی۔