لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنی باقی زندگی لندن میں اور سابق صدر آصف زرداری نے دبئی میں گزارنی ہے۔
معاون خصوصی شہبازگل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے آج معیشت پرلیکچر دے رہے ہیں، اورجب یہ حکومت میں تھے اور ملکی معیشت تباہ کرکے بیرون ملک چلے گئے، یہ اس معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں جس کا بیڑہ انہوں نے غرق کیا،انہوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کو تباہ کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں خیمے لگائیں گے، ان کے لوگ ایک دو خیموں میں ہی آ جائیں گے، آج پیپلزپارٹی کے پاس پنجاب میں امیدوار نہیں، ہمارا مقابلہ بونوں کے ساتھ ہے، ان کے پاس عمران خان کے قد کا آدمی نہیں، کے پی سے ن لیگ فارغ ہو گئی، کسی نے ووٹ نہیں ڈالا، مریم نواز کے پی میں اپنی شکست کو جشن منا رہی ہیں، ان کی سیاست ٹی وی کے سہارے چل رہی ہے، گراؤنڈ پر نہیں، نوازشریف نے اپنی باقی زندگی پارک لین لندن میں اور آصف زرداری نے باقی زندگی دبئی میں گزارنی ہے، آصف زرداری لاڑکانہ جانے سے بھی قاصر ہوجائیں گے، پی ٹی آئی سندھ میں اگلی حکومت بنائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 سال میں 55ارب ڈالر واپس کرنے جا رہے ہیں، ٹیکنالوجی سے لاہور سمیت ملک بھر انقلاب لائیں گے، زراعت ،ٹیکنالوجی اور معیشت کی بہتری کے لیے مزیدکام کریں گے، ملک میں ڈیموں کی کمی محسوس کی گئی اور تعمیر پر توجہ دی گئی، پاکستان ایٹمی طاقت ہے،کوئی خطرہ نہیں۔
معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ضمانت ملتے ہی بڑی بڑی بڑھکیں ماری ہیں، عوام نے دیکھ لیا آپ نے سندھی عوام سے لقمہ اور کپڑا کیسے چھینا، ایک بچے کو پہلے سندھ سے لانچ کرنے کی کوشش کی گئی، سیاست میں آنے کیلیے شخصیت نہیں دماغ بھی چاہیے، ان لوگوں کی سیاست میں کیا کنٹری بیوشن ہے۔