وزیر اعظم نے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ ان کے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے۔فائل فوٹو
وزیر اعظم نے کابینہ کے ارکان کو بتایا کہ ان کے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے۔فائل فوٹو

وزیر اعظم نے آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے کرلی

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سپریم سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات  سے متعلق سیاسی حکمت عملی طے کرلی گئی، آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی مرحلہ وار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سپریم سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزرائے اعلیٰ عثمان بزدار اور محمود خان شریک، سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز، وفاقی وزرا اور سینئر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، پنجاب میں تحریک انصاف کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے انتخابی نتائج سے متعلق رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاسی حکمت عملی طے کر لی، آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی مرحلہ وار ہوگی، پہلے مرحلے میں سیاسی کمیٹی کو بااختیار بنایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں تنظیمیں تحلیل کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق نئے سیاسی پلان کے تحت تحریک انصاف کی سپریم کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ سپریم کمیٹی 21 ارکان پر مشتمل ہے جس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔

سیاسی کمیٹی نئی تنظیم سازی اور پارٹی کو متحرک کرنے پر کام کرے گی، کمیٹی کے نام اور کام کی منظوری آج کے اجلاس کے بعد کور کمیٹی سے لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سپریم سیاسی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، پنجاب سے عثمان بزدار، گورنر چوہدری سرور، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، عامر محمود کیانی اور سیف اللہ نیازی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔فواد چوہدری، اعجاز چوہدری اور شیریں مزاری کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا سے محمود خان، پرویز خٹک، اسد قیصراورعلی امین گنڈا پور، سندھ سے اسد عمر، عمران اسمعٰیل اور علی زیدی جبکہ بلوچستان سے قاسم سوری اور گورنرآغا ظہور سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔