دبئی:بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان نے انڈر19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دبئی میں کھیلے جا رہے انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت انڈر19 کرکٹ ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ کی آخری گیند پرپاکستان انڈر19 کو جیت کے لیے 2 رنز درکار تھے کہ احمد خان نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلادی۔ انہوں نے 3 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر29 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 238 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر8 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ پاکستان کے محمد شہزاد نے 105 گیندوں پر5 چھکوں اور4 چوکوں کی بدولت 81 رنزکی اننگز کھیلی،انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
محمد عرفان نیازی 32 اور رضوان محمود 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے. بھارت کے راج ناد باوا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل فاسٹ باؤلر ذیشان ضمیر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ذیشان ضمیر نے 60 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اویس علی نے 2 جبکہ معاذ صداقت اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر آرادھیا یادیو 50 اور ہرنور پنوں 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان نے ابتک اپنے کھیلے گئے دونوں میچز میں فتح اپنے نام کی،پاکستان نے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی تھی،آخری لیگ میچ میں پاکستان کا مقابلہ یواے ای سے ہوگا۔بھارتی ٹیم کا ابھی ایک میچ باقی ہے۔