پشاور:خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں اہم ترین نشست میئر پشاور کا ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام لگ گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے ارباب محمد علی نے الزام عائد کیا ہے کہ میئر پشاورکے ٹکٹ کے لیے گورنر شاہ فرمان نے پانچ کروڑ جبکہ کامران بنگش نے دو کروڑ روپے لیے۔ اس بات سے ثابت ہوتا ہے کہ گورنر نے وزیراعظم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ۔ اس حوالے سے تحقیقات کی جانی چاہئیں۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں میئر پشاورکی نشست جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار نے بھاری مارجن سے جیتی تھی۔ میئر پشاورکی نشست پر جمعیت علما اسلام (ف) کے امیدوار زبیر خان 62ہزار388ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار رضوان خان 50ہزار659 لے سکے تھے۔