کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کچھ عرصہ قبل آتشزدگی سے جلنے والی فیکٹری میں ایک بار پھرآگ بھڑک اٹھی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ پرقابو پانے کیلیے موقع پر پہنچیں جبکہ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے تاہم عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق تاحال آتشزدگی کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ آتشزدگی واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ فیکٹری سیل ہے ۔
واضح رہے کہ مہران ٹاؤن کی اس فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ 27 اگست کی صبح قریب ساڑھے دس بجے پیش آیا تھا، آتشزدگی کے باعث 16 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے ۔مزدوروں نے بھاگ کر چھت پر جانے کی کوشش کی مگر چھت پر جانے والے دروازے پرلگے تالے کی بدولت مزدور بری طرح پھنس کر رہ گئے اور زندہ جل گئے ۔