کراچی / گڑھی خدا بخش: بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی آج منائی جارہی ہے جبکہ مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی جس سے بلاول ودیگر خطاب کریں گے۔
پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اورعالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 14ویں برسی آج منائی جائیگی، تمام انتظامات مکمل ہیں، ملک کے مختلف مقامات سے برسی میں شرکت کیلیے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بلاول بھٹو اورمرادشاہ بھی پہنچ گئے۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قرآن خوانی اوردعائیہ تقریبات ہورہی ہیں اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے، شمعیں روشن کی جارہی ہیں۔
واضع رہے سال 2008 کے عام انتخابات کے حوالے سے27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کے بعد جلسہ گاہ سے روانہ ہو رہی تھیں کہ پہلے ان پر فائرنگ کی گئی اوربعد میں خودکش دھماکہ کیا گیا جس میں بے وہ شہید ہو گئیں۔
دوسری جانب شہبازشریف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، جمہوریت کی ایک دلیر آواز اور ایک بہادر و مقبول عوامی قائد تھیں، ان کی شہادت پاکستان ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا ایک سانحہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اورلواحقین و وابستگان کو صبرجمیل دے۔