لاہور:ترجمان پنجاب حکومت حسان خاورنے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پرایسے بات ہو رہی ہے جیسے وہ ورلڈ کپ جیت کر آرہے ہوں ، نواز شریف کا راستہ کوٹ لکھپت جیل ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی ریلیف کا منصوبہ لندن اوررائیونڈ میں تیارہو رہا ہے لیکن یاد رکھیں کہ نواز شریف کو قانون کے مطابق سزا ملے گی ،کریمینل جسٹس ریفارمزپرتیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن پرکسی ایک نے بھی اعتراض نہیں اٹھایا، ہم ایسا نظام لیکرآنا چاہتے ہیں جس پرکسی کو اعتراض نہ ہو،ہمارا بلدیاتی نظام پاکستان کا سب سے بہترین نظام ہے۔
حسان خاور کے مطابق پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نے ان تمام اتھاریٹز کی سرزنش کی جن کی کارکردگی ناقص رہی ،قائداعظم سولر کمپنی نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا، تمام محکمے بہترین کارکردگی دکھانے کے پابند ہوں گے ۔
ترجمان پنجاب حکومت نے واضح کیا کہ پنجاب میں 62 اتھارٹیزاور بورڈزکی پرفارمنس آٹھ مختلف بنیادوں پر جانچی جا رہی ہے جس کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ تشکیل دے دیا ہے ۔