اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دیدی ،پالیسی پرکام 2014 میں شروع ہوا ، 9 سال بعد منظوری ملی ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ملکی تاریخ کی پلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دی گئی ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے معید یوسف کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پہلی بار قومی سلامتی کومعاشی صورتحال سےجوڑاگیاہے، قومی سلامتی کی پالیسی کاسب سےاہم نقطہ عام آدمی کوتحفظ فراہم کرناہے، پالیسی کےذریعے عام آدمی کےتحفظ کویقینی بنایاجائےگا، عام آدمی کےتحفظ تک ملکی سیکیورٹی کوخطرہ لاحق ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کی پالیسی بننےمیں 9 سال لگے، قومی سلامتی کی پالیسی نہایت جامع ہے، کابینہ کویوریا کی پیداوار پر بریفنگ دی گئی، قومی سلامتی کیساتھ فوڈسکیورٹی وابستہ ہے، زراعت کے شعبے پر ہماری حکومت خصوصی توجہ دےرہی ہے، اچھی پیداوار سے کاشتکاروں کو 11 سو ارب اضافی آمدن ہوئی، ٹریکٹراورزرعی آلات کی طلب میں اضافہ ہواہے، حکومت کے پاس یوریا کا سٹاک موجود ہے ۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو کھاد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ، ملک میں کھاد کا مصنوعی بحران پیدا ہوا۔ ڈی اے پی عالمی منڈی میں 12 ہزار روپے تک بوری مل رہی ہے ، ہم ڈی اے پی پیدا نہیں کرتے وہ درآمد کرانا پڑتی ہے، البتہ یوریا کھاد ہم خود پیدا کرتے ہیں عالمی مارکیٹ میں یوریا کھاد کی بوری 10 ہزار روپے تک ہے جبکہ پاکستان میں 17 سے 19 سو روپے ہے جس کی وجہ سے یہ سمگل ہو رہی تھی ۔اگر پاکستان سے ایک ٹرک یوریا اسمگل ہوتا ہے تواس میں 70 سے 80 لاکھ کی بچت ہوتی ہے ، ہم نے اس پرکام کیا آج کابینہ نے پنجاب حکومت سے کہا کہ یہ اسمگلنگ روکیں اور کارروائی کریں ، امید ہے 48 گھنٹوں میں بہتری آئے گی ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سردیوں میں یوریا کھاد کے پلانٹس کو گیس فراہم نہیں کی جاتی مگر ہماری حکومت نے انہیں بھی گیس فراہم کی جس کے باعث ملکی تاریخ کی ریکارڈ یوریا پروڈکشن ہوئی،گیس بحران کے باوجود کسانوں کو متاثر نہیں ہونےدیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں سال 2019کی ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی منظوری دی گئی ، کابینہ نے ناظم جوکھیو کے کیس میں جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی ، سب جانتے ہیں کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کوبچانے کے لیے کوششیں کی گئیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی ایکس چینج کمپنی کے چیئرمین کا استعفٰی منظورکرلیا گیا ہے،کابینہ نے تعلیمی بورڈز میں رابطے کے لیے انٹر بورڈ ایکٹ 2021 کی منظوری دے دی ، پیمرا میں محمد عاصم کو ایگزیکٹو ممبر تعینات کیا گیا ہے،کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ایف 9 پارک میں سیٹیزن پارک گندھارا کلچر سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بینکنگ کورٹ نمبرایک ملتان کو ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔