اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے سندھ میں گندم کھانے والے چوہوں کو بھی پکڑ کر رقم وصول کی۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کوسادہ ہوناچاہیے لیکن دھوکے سے بچنا بھی ضروری ہے، اراضی خریدتے وقت تصویراورلگائی جاتی ہے جو حقیقت کے برعکس ہوتی ہے، نیب کے پاس ریکوریزکاریکارڈ ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے حالیہ چار سالوں میں تاریخ کی بڑی ریکوریاں کیں ، ان کیخلاف بھی کارروائیاں کیں جنہیں کوئی نظر اٹھا کر دیکھ بھی نہیں سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ریکوریز کے حوالے سے کچھ لوگوں نے چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کی کوشش کی،4سال میں سب سے زیادہ ریکوریاں کی گئیں،541ارب کی ریکوریاں ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ہیں، ایک ہاوسنگ سوسائٹی نے 14ارب روپے اداکیے،نیب نہ ہوتاتو یہ ریکوریاں ان متاثرین میں تقسیم نہ ہوتے ،نیب کے پاس ریکوریزکاریکارڈ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس 200 کارروائیاں کی گئیں جبکہ مزید ابھی ہوں گی ، نیب کودیانتداری کی مثال بن کرکام کرناچاہیے،نقدی میں 56ارب روپے سوسائٹیز سے آئے ، اراضی خریدتے وقت تصویر اورلگا ئی جاتی ہے جو حقیقت کے برعکس ہوتی ہے،لو گوں کوسادہ ہوناچاہیے لیکن دھوکے سے بچنا بھی ضروری ہے،36ہزار افرادکو ان کی رقوم واپس کی گئی۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ سکھر میں 20 ارب کے گندم کے ذخائر اِدھر اُدھر ہوگئے تھے، پوچھنے پر کہا گیا چوہوں نے کھائے، پھر ان چوہوں کو نیب نے پکڑا تو ان سے 20 ارب روپے کی ریکوری ہوئی، ہم نے وہ 20 ارب روپے سندھ حکومت کو دے دیے، نیب پرتنقید ضرور کریں لیکن ثبوت بھی دیں۔