کوئٹہ:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جناح روڈ پربم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں چارافراد جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ سائنس کالج کے قریب ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آوازکئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی وجہ سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اوربھگدڑکی صورت حال پیدا ہوگئی۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک گاڑی کے قریب ہوا ۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا ۔ پاکستان اور بلوچستان کوغیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف کوئٹہ پولیس (ڈی آئی جی) فدا حسین کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکہ اس جگہ کیا گیا جہاں جمعیت علماء اسلام نظریاتی گروپ کا پروگرام جاری تھا۔
اپنے ایک بیان میں ڈی آئی جی فدا حسین نے بتایا کہ کوئٹہ کے جناح روڈ پر سائنس کالج کے قریب ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔ دھماکے کیلیے ڈیڑھ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جو کھمبے کے ساتھ رکھا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کالج کے اندر جے یو آئی نظریاتی کا پروگرام جاری تھا۔ دھماکہ اس وقت ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا جب یہ پروگرام ختم ہوا۔ پولیس کی جانب سے اس پروگرام کیلیے بھرپور سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔