اسلام آباد:پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے سابق چیئرمین پیمرا کو 5کروڑ،3 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کے لیے نوٹس بھجوادیا۔
ابصارعالم کو بھجوائے گئے نوٹس کے مطابق ان کی تعیناتی کو ہائیکورٹ نے غیر قانونی قرار دیا تھا،ابصارعالم نے اس دوران ادارے سے بطور تنخواہ پانچ کروڑ، تین لاکھ روپے سے زائد کی رقم وصول کی تھی۔
نوٹس میں ابصارعالم کو رقم پیمرا کے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔ابصارعالم دسمبر 2015 سے دسمبر 2017 تک چیئرمین پیمرا کے عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے بطور چیئرمین پیمرا 5 کروڑ 3 لاکھ سے زائد رقم تنخواہ کی مد میں لی تھی، پیمرا نے ہدایت کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ابصار عالم تنخواہ واپس کریں۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا ابصارعالم کی تعیناتی کوغیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکومت کو شفاف اور قانونی طریقہ کارکے مطابق نئے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا حکم دیا تھا۔