اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فنانس بل 15 سے 20 جنوری کے درمیان منظور ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کراچی میں پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے اٹارنی جنرل کو وزیر اعظم نے عدالتی کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال کے اقدامات کو3 سال میں بہتر کرنا ممکن نہیں۔ ہم نے اسلام آباد کا شہر بنایا اور گوادر میں کام کیا اس کے علاوہ ہم نے صنعت کو بھی بہتر کیا ہے۔ ہم نے 55 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں لیکن اس کے باوجود ملک کو ہم نے پاؤں پر کھڑا کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا بورڈ آف گورنر پاکستان حکومت نے لگانا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو یہاں بھی کم کر دیئے جاتے ہیں لیکن اب تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ گئی ہیں۔ اب ہر جگہ یوریا کا مسئلہ ہے اور منشیات سے زیادہ یوریا کی اسمگلنگ میں پیسہ ہے۔ پاکستان میں جتنی سستی یوریا مل رہی ہے اتنی دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
صحت کارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اوراب عوام نجی اسپتالوں سے بھی علاج کراسکیں گے۔ سندھ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ صحت کارڈ کا منصوبہ شروع کریں۔