اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور پیاز بیچنے سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک کی ترقی صنعتی ترقی سے وابستہ ہوتی ہے ۔
پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا سرمایہ کارکیلیے وقت بہت اہم ہوتاہے ، سرمایہ کاری میں وقت کے ضیاع کو کم سے کم کر رہے ہیں ، کوشش ہے کہ سرمایہ کاری میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔ ملک سبزیاں اور پیاز بیچ کرآگے نہیں بڑھتا بلکہ تب آگے بڑھتا ہے جب صنعتکاری کو فروغ ملے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ بڑھنے سے ترکی نےترقی کی ، ہمارے پاس افرادی قوت موجود ہے ۔ نوجوان اور ہنر مند لوگ ہیں ۔ ہم نے آئی ٹی کو تھوڑا سہارا دیا تو اس نے نتیجہ دینا شروع کیا ۔ کورونا کے دوران بھارت کی گروتھ منفی ہو گئی تھی ، پاکستان کی عالمی فورم پر تعریف کی گئی کہ ہم نے معیشت اور عوام دونوں کو بچالیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرتا چین ہمارا ہمسایہ ہے ، جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے برآمدات کو بڑھانے کو ترجیح دی ، دنیا میں ترقی اربنائزیشن سے ہوئی ، ہمارے یہاں دو خطرات ہیں ،ایک تو ہمارے زرعی علاقے غائب ہو رہے ہیں جس کے باعث خوراک کی قلت کا خدشہ ہے دوسرا ہمارے شہر تیزی سے پھیل رہے ہیں ، اسلام آباد گزشتہ 15 سال میں دگنا ہو گیا ہے جبکہ لاہور 10 سال میں 70 فیصد پھیل چکا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ غریب ملکوں کا بڑا مسئلہ ہے، ہر سال بڑی رقم غریب ممالک سے امیر ممالک منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بڑی تیزی سے اربنائز ہورہا ہے، گرین ایریاز ختم ہورہے ہیں ،آبادی بڑھ رہی ہے اور شہر پھیل رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم سے چھوٹے ملک ترقی کر رہے ہیں اور ہم پیچھے کی جانب جا رہے ہیں ،ہمیں اپنی ترجیحات کو بدلنا ہوگا۔