یمن کے حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات کا ایک کارگو بحری جہاز ’’روابی‘‘ کو ہائی جیک کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے جزیرہ سقطریٰ سے جازان بندرگاہ جانے والے سمندری مشن پر مامور بحری جہاز کو ہائی جیک کرلیا تاہم ابھی قذاقوں نے مطالبات پیش نہیں کیے ہیں۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے جھنڈے والے کارگو بحری جہاز میں یمن کے ایک اسپتال کے لیے ایمبولینس، طبی آلات، مواصلاتی آلات، خیمے، ایک فیلڈ کچن، فیلڈ لانڈری یونٹ اور تکنیکی اور حفاظتی معاونت کا سامان لایا جا رہا تھا۔
جنرل المالکی نے حوثی باغیوں کو خبردار کیا کہ فوری طور پرکارگو جہازکو آزاد کردیں ورنہ اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی پرکارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔