24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70  ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔فائل فوٹو
24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70  ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔فائل فوٹو

گوادر میں موسلا دھار بارش۔نشیبی علاقے زیرآب

گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں اب تک 57.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ طوفانی بارش سے مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ضلع گوادر سمیت مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم تاحال موجود ہے جس کے باعث مزید بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70  ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گوادر میں 57 ملی میٹر،اورماڑہ میں 27 ملی میٹر،کیچ اور جیوانی میں 24 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کوئٹہ میں 8 ، قلات میں 4، خضدار، دالبندین اور پنجگور میں 3ملی میٹر  بارش ریکارڈ ہوئی۔

دوسری جانب اسکردو سمیت گلگلت بلتستان کے متعدد اضلاع میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، نظام زندگی بھی مفلوج ہوگیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

آزاد کشمیر میں وادی لیپہ سمیت بعض علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔ برفباری کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور متعدد گاوٴں بجلی سے محروم ہو گئے۔ سوات ، کالام ، مالم جبہ ، مہوڈنڈ ، گبین جبہ سمیت خیبرپختون خواہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔