حیدرآباد،ٹھٹھ، بدین اوردیگ شہروں میں بھی بارش ہوسکتی ہے (فائل فوٹو)
حیدرآباد،ٹھٹھ، بدین اوردیگ شہروں میں بھی بارش ہوسکتی ہے (فائل فوٹو)

کراچی میں کل رات پھر تیز بارش ہو سکتی ہے۔محکمۂ موسمیات

کراچی:محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کل رات تیز بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد کراچی میں کل تک وقفے وقفے سے بوندا باندی اور معتدل بارش جاری رہنے اور رات میں تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جمعے کی صبح مغربی ہواؤں کا سلسلہ سندھ سے نکل جانے کی توقع ہے۔

کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز بارش ہوئی تاہم صبح ہونے پر بارش کا سلسلہ رک گیا، شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں ہوئی جہاں بارش 36 اعشاریہ 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

کراچی میں وقفے وقفےسے ہونے والے بارش کے نتیجے میں متعدد سڑکیں اورنشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

کراچی کے قدیم اردو بازار میں بارش کا پانی دوکانوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث لاکھوں روپے کے اسٹیشنری آئٹم پانی کے نذر ہوگئے، نصرت بھٹو کالونی کےقریب نالہ بھرنے سے گنداپانی گلیوں میں جمع ہوگیا ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پاور ہاؤس چورنگی سے یوپی موڑ تک اور ماڈل کالونی میں سیوریج اوربارش کا پانی سڑک پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا ہے، گرومندر کے مختلف راستوں پرپانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔

کورنگی کےعلاقے بلال کالونی کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے، فوری طور پر جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں ہوئی جہاں بارش 36 اعشاریہ 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ گلشن حدید میں  32 ملی میٹر ، سعدی ٹاؤن میں 22 اعشاریہ ایک ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس  میں 22 ملی میٹر ، ناظم آباد میں  23 ملی میٹر،ایم او ایس اولڈ ایریا میں 20 اعشاریہ 7ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 20 اعشاریہ 4 ملی میٹر، پی اے ایف مسروربیس میں  20 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈپر 22 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

نارتھ کراچی میں 22 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 14 اعشاریہ 8 ملی میٹ ، قائد آباد میں 28 ملی میٹر  ،  کیماڑی میں  16 اعشاریہ 5 ملی میٹراورگلشن معمار میں 20 اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔