اسلام آباد:کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح سوا 10 فیصد ہو گئی۔
وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہرلاہور میں بھی کورونا کے پازیٹو کیسزکی شرح ساڑھے 5 فیصد سے زائد ہو گئی، جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی شرح ڈھائی فیصد سے زائد ہو گئی۔
وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں اومی کرون ویرینٹ دوسرے ویرینٹس کی جگہ لے رہا ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسزکی شرح 10 اعشاریہ 25 فیصد ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 6 ہزار 340 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے باعث 650 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کراچی میں کورونا کے ڈیلٹا اورکاپا ویرینٹس کے کیسز کم ہو رہے ہیں جبکہ اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔