دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی میچزکی’کھیل کی شرائط‘ میں تبدیلیاں کردیں، پلئینگ کنڈیشنز کا اطلاق رواں ماہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کا کہنا ہےکہ سلو اوور ریٹ اورآپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈرکے دائرے کے اندر رہیں گے۔
آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگزکے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگزکے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیزاورآئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔