پیرس:فرانس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور سب سے بڑے سرچ انجن گوگل پر210 ملین یورو کا جرمانہ لگادیا۔ دونوں بڑی کمپنیوں پر یہ جرمانے فرانس کے قومی کمیشن برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آزادی نے انٹرنیٹ کوکیز کے حوالے سے عائد کیے ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ان دونوں اداروں کو تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ یورپی یونین کی وضع کردہ ہدایات آن لائن کوکیز کے استعمال کا طریقہ اختیار کریں بصورت دیگر انہیں یومیہ ایک لاکھ یورو کا ہرجانہ ادا کرنا پڑے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں آن لائن پرائیویسی کے تحفظ کے ادارے نیشنل کمیشن برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فریڈم نے آن لائن کوکیزکے غلط استعمال پرگوگل اور فیس بک پر بھاری جرمانے عائد کر دیے ہیں۔ کمیشن کا کہناہے کہ دونوں کمپنیوں نے صارفین کو آن لائن ٹریکنگ سے بچنے کیلئے کوئی سہولت فراہم نہیں کی جبکہ اقدام کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو یقینی بنانا ہے۔
کوکیز ایسے پروگرام ہوتے ہیں جو ویب سائٹ صارف کے سسٹم پرکاپی کرتی ہے اوراس کی بنیاد پرنہ صرف صارف کی آن لائن ایکٹیویٹی پرنظر رکھی جا سکتی ہے بلکہ صارف کو طے شدہ اشتہارات بھی دکھائے جاتے ہیں جبکہ یہ دیگر مقاصد یعنی ٹریکنگ وغیرہ کیلئے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
کمیشن کا کہناہے کہ گوگل اور اس کا ملکیتی وڈیو پورٹل یوٹیوب عوام کو اس بات کا انتخاب نہیں دیتے کہ وہ آن لائن کوکیز کو رد کرسکیں بلکہ انہیں ہر حال میں ان کوکیز کو قبول کرنا ہوتا ہے۔کمیشن کا کہنا ہے کہ ان دونوں اداروں کو تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ یورپی یونین کی وضع کردہ ہدایات آن لائن کوکیز کے استعمال کا طریقہ اختیار کریں بصورت دیگر انہیں یومیہ ایک لاکھ یورو کا ہرجانہ ادا کرنا پڑے گا۔
کمیشن کے مطابق گوگل پر150 ملین جبکہ فیس بک پر 60 ملین یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس جرمانے کے بعد گوگل نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ فرانسیسی کمیشن کے ہدایات کے مطابق اپنے کوکیز کا آپشن منتخب کرنے کا طریقہ کار تبدیل کردے گا۔
اس کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے صارفین کے توقعات کے مطابق نئی تبدیلیاں کی جائیں گی اور وہ سی این آئی ایل کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔یورپی ممالک میں کوکیز کے حوالے سے زیادہ سخت قانون ہے جہاں ویب سائٹ کیلئے لازمی ہے کہ کوکیز کو استعمال کرنے سے پہلے صارف سے اجازت لی جائے۔