لاہور:مسلم لیگ (ن) کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مری سانحہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک پر صرف نالائقی، نااہلی، بے حسی اور ظلم مسلط ہے۔
سانحہ مری اور عوام کی مشکلات پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدراورپارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کہنا تھا کہ مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہوگیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، اور یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ ملک پہ صرف نالائقی ، نااہلی ،بے حسی اورظلم مسلط ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ مری سے متعلق سچائی اوراصل حقائق بتائے تاکہ اس کے مطابق حکمت عملی بنائی جاسکے، مری میں اب تک ہزاروں گاڑیوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں اورعوام پریشان ہیں، جس پر شدید تشویش ہے، حکومت بیانات کے بجائے مری اور دیگرعلاقوں میں پھنسے عوام کو نکالنے کے لئے موثر اقدامات کرے،ان لوگوں کی رہائش اورخوراک کے انتظامات کے علاوہ محفوظ گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔