مسلح افراد نے لوٹ مار بھی کی جبکہ املاک کو بھی نذرآتش کردیا۔فائل فوٹو
مسلح افراد نے لوٹ مار بھی کی جبکہ املاک کو بھی نذرآتش کردیا۔فائل فوٹو

نائیجیریا میں مسلح افراد نے200 افراد کو جان سے مار دیا

ابوجہ: نائیجیریا میں  مسلح افرادنے حملہ کرکے 200 سے زائد افراد کو جان سے مار دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائیجیریا کی ریاست زمفارا میں حکومتی کارروائی کے جواب میں موٹر سائیکل سوار مسلح  افراد نے 10 سے زائد گاؤں پر دھاوا بول دیا۔ملزمان نے حملے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کر کے 200 سے زائد دیہاتیوں کو ہلاک کر دیا۔

نائیجیریا کی افواج اورفضائیہ نے گوسامی کے جنگلات اور تسمیرے گاؤں میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں 100 سے زائد ڈاکو مارے گئے تھے جن میں دو سرغنہ بھی شامل تھے۔

حکومتی فورسز کی کارروائی کے جواب میں 300 سے زائد موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے زمفارا کے 10 سے زائد دیہاتوں پر حملہ کر دیا۔ ڈاکوؤں نے لوٹ مار بھی کی جبکہ املاک کو بھی نذرآتش کردیا۔

میتوں کو اجتماعی طورپردفن کرنے والے دیہاتیوں نے بتایا کہ اب بھی کئی افراد لاپتہ ہیں جو یا تو قتل کر دیئے گئے ہیں یا پھر ڈاکوانھیں ساتھ لے گئے۔نائیجرین حکومت نے ان ڈاکوؤں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے فیصلہ کن کارروائی کا عندیہ دیا۔