نیو یارک میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے نو بچوں سمیت 19 افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہو گئے۔
آتشزدگی کا واقعہ نیویارک کے علاقے ’’برونکس‘‘ میں واقع رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا ، ابتدائی طور پر یہ کہا جارہاہے کہ آگ ہیٹر میں خرابی کے باعث بھڑکی ۔فائر ڈپارٹمنٹ کا کہناہے کہ آگ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل میں صبح 11 بجے کے قریب جڑواں اپارٹمنٹ میں لگی ، فائرفائٹرز کی ٹیمیں محض تین منٹ میں موقع پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھیں،آگ پر قابو پانے کیلئے شہر کے تقریبا 200 فائر فائٹرز نے مہم میں حصہ لیا ۔ ۔
حکام کی جانب سے اسے شہر میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھڑکنے والی سب سے خوفناک آگ قرار دیا جار ہا ہے۔
کمشنر نیگرو کا کہناتھا کہ آگ تیسری منزل پر واقع اپارٹمنٹ کے بیڈ روم سے آتشزدگی کا آغاز ہوا ، جہاں کمرے میں ہیٹر استعمال کیا جارہا تھا ، جب آگ لگی تو مکین گھر کو کھلا چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے ، کھلے دروازے آگے کیلئے ایندھن ثابت ہوئے اور اس نے تیزی سے پھیلنا شروع کر دیا جبکہ دھواں پوری بلڈنگ میں بھر گیا ۔
نیو یارک کے میئرایرک ایڈمزکےترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والے بچوں کی عمریں سولہ برس اوراس سے کم ہیں۔ واقعے میں جھلسنے والے 13 افراداسپتال میں زیرعلاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم نے اپنے پڑوسی کھو دیے۔ یہ سانحہ بیان سے باہر ہے۔ شہرکے میئر نے بتایا کہ واقعہ کے پیش آنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔