انقرہ :ترکی میں ایک کسان نے اپنی گائے کے دودھ کی پیداوار بڑھانے کا منفرد تجربہ کیا ہے جس میں انہوں نے مویشیوں کو ورچوئل رئیلٹی گوگلز پہنائے تاکہ اسے یہ احساس دلا جائے کہ وہ موسم گرما میں کسی سرسبزوشاداب چراگاہ میں جگالی کررہے ہیں۔عزت کوکیک نامی اس کسان کا خاندان ترکی کے علاقے اکسارے میں واقع اپنے فارم پر تین نسلوں سے مویشیوں کی پرورش کررہا ہے۔
ان کا یہ کاروباراس طویل عرصے کے دوران اسی لیے بڑھ رہا ہے کہ وہ ہمیشہ وقت اورحالات سے مطابقت برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اب عزت کوکیک کی باری ہے کہ وہ خاندان کے اس کاروبار کواگلی نسل کو منتقل کرنے سے قبل بہتراورمنفعت بخش بنائے، لہٰذا انہوں نے یہ غیر روایتی حل ڈھونڈا ہے تاکہ دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے مویشیوں کے آرام کے لیے ایک موسیقی کا تجربہ کیا تھا اوراب دودھ کی پیداوار میں اضافہ کے لیے مذکورہ بالا منفرد وی آرگوگلزپرکام شروع کیا ہے۔