سانحہ مری کے دوران شاہراہوں پر برف پھینک کر رکاوٹیں بنانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔فائل فوٹو
سانحہ مری کے دوران شاہراہوں پر برف پھینک کر رکاوٹیں بنانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔فائل فوٹو

مری میں سیاحوں سے زیادہ کرایہ لینے والے ہوٹلوں کیخلاف کارروائی

مری:برفانی طوفان کے دوران مری میں سیاحوں سے ایک رات کیلیے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک وصول کرنے کی شکایات کے بعد انتظامیہ نے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیاحوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے اوران سے کرائے کی مد میں زیادہ رقم وصول کرنے پرتین ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شکایت کے بعد تحقیقات کرکے کارروائی کی گئی۔

ادھرسانحہ مری کے دوران شاہراہوں پر برف پھینک کر رکاوٹیں بنانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مری پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

سیاحوں کے لیے خود ساختہ مشکلات پیدا کرنے والے مقامی مفاد پرستوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا۔ دشوارگزار راستوں پر رات کی تاریکی میں خود برف پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سیاحوں کو نکالنے میں مدد کے نام پر بلیک میل کرکے رقوم ہتھیانےکی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

دوسری جانب سیاحوں کے مری اورگلیات میں داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹوں کی توسیع کردی گئی ہے، بیشتر سیاح مری سے نکل گئے ہیں تاہم علاقہ مکینوں کی مشکلات برقرار ہیں جبکہ شہر میں بجلی کی فراہمی مکمل بحال نہیں کی جاسکی ہے۔مری میں پائپ لائنوں میں پانی جم جانے سے شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔