اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو شہبازشریف کی ضمانت پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی، نوازشریف کی بیماری دھوکہ اور فراڈ تھا، حکومت نے شہباز شریف کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے بھائی کو باہر بھجوانے کے فراڈ میں ملوث ہیں۔ نوازشریف کھلم کھلا فراڈ کرکے باہر گئے۔ نوازشریف نے 17 ماہ تک اپنا علاج نہیں کروایا، وہ باہر بیٹھ کر ملکی قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ نوازشریف کی گزشتہ رپورٹ موجودہ صورت حال سے مطابقت نہیں رکھتی۔ پاکستانی سفارتخانے نے 2 بار شریف فیملی سے رپورٹس سے متعلق رابطہ کیا، شریف فیملی نے رپورٹس سفارتخانے کے ڈاکٹرز سے شیئر کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سانحہ مری پراعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے، وزارت داخلہ کے مطابق ایک لاکھ 64 ہزار افراد مری گئے، سانحہ مری ایک ہی سڑک پر پیش آیا جس میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، برفانی طوفان کے باعث سڑک پردرخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی، زیادہ ترلوگ گاڑیاں چھوڑ کر پیدل نکل گئے، کچھ لوگ گاڑیوں میں ہیٹر چلا کر سو گئے، گاڑی میں ہیٹرلگانے سے کاربن مونو آکسائیڈ بھرنے سے اموات ہوئیں، کلڈانہ اور باڑیاں کی سڑک پر زیادہ حادثات رونما ہوئے، ریسکیو کے عمل میں سویلین اور افواج پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، ٹریفک کو بحال اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملکی معیشت متحمل نہیں ہو سکتی، لاک ڈاون نہیں کریں گے، کورونا کی صورتحال کو مانیٹر کریں گے۔ تارکین وطن کیلئےاسلام آبادمیں ہاؤسنگ سکیم لانچ کر رہے ہیں، منصوبے سے 2 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔ 15 اپریل سے پہلے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم فراہم کریں گے۔