امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اورکرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے، ہمیں تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام حکومتوں نے پرانا نظام انصاف برقرار رکھا ہے اور سامراجی نظام میں کوئی بھی انصاف نہیں دے سکتا۔ انگریز کے نظام سے بغاوت کرکے ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا لیکن آج بھی ہمارے ججز نے انصاف کے لیے انہیں انگریزوں کی کتابیں اٹھا رکھی ہیں جب تک قرآن کا نظام نافذ نہیں ہو گا ملک میں انصاف کا نظام قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو عدالتی نظام بدلیں گے۔ ہمیں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان عدالت میں پیش ہونے کے بجائے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہیں اور اب ہمیں خاموش تماشائی کا کردار ختم کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لگی آگ کو بجھانے کی ضرورت ہے کیونکہ رونے سے مسئلے حل نہیں ہوتے اور ہمیں تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہو گا۔