مخلوط تعلیم کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔۔فائل فوٹو
مخلوط تعلیم کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔۔فائل فوٹو

طالبان کا مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے اسکول کھولنے کا اعلان

کابل:ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے تمام اسکول کھول دیے جائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات اور ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ افغانستان کے نئے سال کا آغاز21 مارچ سے ہوتا ہے اور رواں برس نئے سال کی شروعات سے لڑکیوں اور خواتین کے لیے اسکول کالجز کھول دیے جائیں گے تاہم مخلوط تعلیم کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان طالبان نے اس تاخیرکی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم لڑکیوں کی تعلیم کے خلاف نہیں تاہم مخلوط نظام تعلیم کے خاتمے اورعلیحدہ عمارتوں کے انتظامات سمیت نصاب میں تبدیلی کے باعث لڑکیوں کے اسکول کھولنے میں کچھ وقت لگا۔