مٹھی؛ وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے کہا کہ گورنر راج کسی کی خواہش پر نہیں لگتا اس کے لیے بہت زیادہ آئینی تقاضے پورے کرنے ہوتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق تھر ڈیزرٹ جیپ ریلی کے تیسرے دن پروفیشنلز کے درمیان ریس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت اور ڈی سی آفس میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے دن سے ہی یہ گورنرراج کے متعلق باتیں کر رہے ہیں، اس کے علاوہ بھی یہ بہت کچھ کہتے ہیں لیکن ان کو سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں، گورنر راج کسی کی خواہش پر نہیں لگتا بلکہ اس کے لیے بہت زیادہ آئینی تقاضے پورے کرنے ہوتے ہیں، میں کسی صوبے سے موازنہ نہیں کرونگا لیکن اسلام آباد سے پچیس تیس کلومیٹرفاصلے پر کچھ ہو جاتا ہے لیکن وفاقی حکومت کچھ نہیں کرپاتی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پچھلے سال وفاق نے کہا کہ گندم کی ریکارڈ فصل ہوئی ہے، اس کے بعدان کے وفاقی وزیرقومی اسمبلی کے فلور پرکہتے ہیں کہ چھیاسٹھ لاکھ ٹن گندم پتہ نہیں کہاں چلی گئی، ریکارڈ پر ہے کہ نومبر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ فرٹیلائزر میں ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور یوریا میں ہم خودکفیل ہیں اورہم یوریا نہیں ڈی اے پی امپورٹ کرتے ہیں، گزرنے والے سال بتایاگیا کہ یوریا کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے لیکن ماہ دسمبر کے درمیان میں پتہ چلتا ہے کہ یوریا تو پتہ نہیں کہاں چلی گئی.