ڈیرہ اسماعیل خان:پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کا امیدوارلامحدود سرکاری وسائل استعمال کرکے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقارکو بیچنے میں مصروف ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں وفاقی اور صوبائی وزرا کی ایما پر ڈپٹی کمشنرنے 1 ارب 88 کروڑ کی اسکیموں کی منظوری دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازع بنا دیا، حکمراں جماعت کا امیدوارلامحدود سرکاری وسائل استعمال کرکے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقارکو بیچنے میں مصروف ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ٹی ایم اے کے علاوہ تمام انتظامی محکموں کے افسران اوراہلکار پارٹی ورکرزکی طرح حکمراں جماعت کے امیدوارکی انتخابی مہم میں چلا کراپنے منصب کی توہین اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پامالی میں مصروف ہیں، انتظامیہ کے اعلی افسران جس بے حجابی کے ساتھ انتخابی عمل کو متنازع بنانے پر تل گئے ہیں اس سے عوام میں اشتعال بڑھ رہا ہے، الیکشن کمشن نے اگر بروقت اس لاقانونیت کا نوٹس نہ لیا توجمعیت اس معاملہ کو عوام میں لے جائے گی۔