اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہرجانہ کیس میں خواجہ آصف کو عمران خان کے بیان پر جرح کا حق دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں خواجہ آصف نے سیشن کورٹ کے عمران خان کے بیان پر جرح کے حق سے محروم کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ آصف کی درخواست منظور کرتے ہوئے خواجہ آصف کو عمران خان کے بیان پر جرح کا حق دے دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سال 2012 میں خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، گزشتہ سماعت پرچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسارکیا تھا کہ ہتک عزت کایہ کیس کب سے زیر التوا ہے، جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے بتایا کہ یہ کیس سال 2012 سے چل رہا ہے ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں نمٹ جانا چاہیے تھا ۔آج چیف جسٹس نے خواجہ آصف کی درخواست منظورکرتے ہوئے وزیر اعظم کے بیان پر جرح کا حق دیدیا۔